امریکا ایران مذاکرات کی اسرائیل کی جاسوسی کا انکشاف:واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ

واشنگٹن(واشنگٹن پوسٹ)امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کی اسرائیل کی جانب سے انتہائی جارحانہ انداز میں نگرانی اور جاسوسی کی جا رہی ہے، جس پر امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل، امریکا کے خصوصی نمائندے برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف سمیت دیگر امریکی مذاکرات کاروں کی گفتگو اور سرگرمیوں پر خفیہ طور پر نظر رکھ رہا ہے۔

اخبار کے مطابق بعض امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے درمیان باہمی نگرانی اور انٹیلی جنس سرگرمیوں کی ایک طویل تاریخ موجود ہے، جسے عمومی طور پر برداشت کیا جاتا ہے، تاہم ایران مذاکرات کے دوران جاسوسی کی موجودہ سطح کو غیر معمولی اور تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ پینٹاگان نے اس صورتحال کے پیش نظر حساس معلومات کے تحفظ اور سکیورٹی پروٹوکولز کو مزید سخت کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔اخبار کے مطابق یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ خطے میں سفارتی مذاکرات کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس سرگرمیوں کا دائرہ بھی مزید پیچیدہ اور حساس ہوتا جا رہا ہے۔

اسٹیو وٹکوف کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ اس مذاکراتی عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ان کی سرگرمیوں اور گفتگو کو خفیہ طور پر مانیٹر کیے جانے کے خدشات نے امریکی اداروں کو مزید محتاط کر دیا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت امریکا اور اسرائیل کے درمیان اعتماد اور سکیورٹی تعاون کے پیچیدہ پہلوؤں کو بھی نمایاں کرتی ہے۔