امریکا جارحیت ختم کرنے کیلئے تیار نہیں، صرف جنگ بندی کافی نہیں: عباس عراقچی

تہران (جاپانی میڈیا) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ لگتا نہیں کہ امریکا اپنی جارحیت ختم کرنے کیلئےتیار ہے اور امریکا و اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئےصرف جنگ بندی کافی نہیں ہوگی۔

جاپانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ایران پر مسلط کی گئی، ایران امریکا سے مذاکرات کر رہا تھا کہ اسی دوران امریکا اور اسرائیل نے حملہ کیا۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی اقدام غیر قانونی، بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت ہے۔

ایران دفاعی اقدامات کر رہا ہے اور جب تک ضروری ہوا اپنی حفاظت جاری رکھے گا، محض جنگ بندی قبول نہیں کیونکہ ماضی جیسی صورتحال دوبارہ نہیں دہرائی جا سکتی۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جنگ کو مکمل اور مستقل طور پر ختم ہونا چاہیے اور اس بات کی ضمانت ہونی چاہیے کہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔