امریکا: خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل، پولیس افسرکو برطرف کردیاگیا

شیلبی، نارتھ کیرولینا ( بین الاقوامی میڈیا)امریکی ریاست نارتھ کیرولینا کے شہر شیلبی میں گرفتاری کے دوران پولیس افسر کی جانب سے خاتون پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعلقہ پولیس افسر کارسن ہائیڈر کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

پولیس چیف کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے افسر کو فوری طور پر برطرف کیا گیا ہے اور واقعے کی ابتدائی داخلی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔ معاملہ مزید تحقیقات کیلئے ریاستی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ فوجداری پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

ویڈیو میں ایک پولیس افسر کو خاتون کو زمین پر گراتے اور مبینہ طور پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ خاتون مزاحمت کرتی ہوئی نہیں دکھائی دیتی۔ واقعے کے دوران ایک دوسرے پولیس افسر نے مداخلت کرتے ہوئے پہلے افسر کو روکنے کی کوشش بھی کی۔

متاثرہ خاتون کی شناخت شیری مور کے نام سے ہوئی ہے، جن پر غیر قانونی داخلے اور گرفتاری میں مزاحمت سمیت دیگر الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داری طے ہونے پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔