تہران(ایرانی سرکاری ٹی وی، ایرانی میڈیا)ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا ایران پر عائد بحری ناکا بندی ختم کرے گا جبکہ ایران ایک ماہ کے اندر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت بحال کر دے گا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق مجوزہ معاہدے میں فوجی بحری جہاز شامل نہیں ہوں گے اور عمان کے تعاون سے آبنائے ہرمز کے بحری راستوں کا انتظام ایران خود سنبھالے گا۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر 60 روز کے اندر فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا تو اسے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابند قرارداد کی شکل دی جا سکتی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ’’اسلام آباد میمورنڈم فریم ورک‘‘ تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا اور اس پر مزید مشاورت جاری ہے۔ایران نے واضح کیا ہے کہ ٹھوس تصدیق اور عملی ضمانتوں کے بغیر کسی بھی معاہدے پر عملدرآمد یا کوئی بڑا قدم نہیں اٹھایا جائے گا۔دوسری جانب امریکا کی جانب سے اس مجوزہ فریم ورک یا ایرانی میڈیا کے دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

