امریکا کا250واں یوم آزادی ،ملک بھر میں تقریبات، آتش بازی

واشنگٹن(اے پی، سی این این، امریکی میڈیا)امریکا نے اپنی آزادی کی 250ویں سالگرہ ملک بھر میں شاندار تقریبات، آتش بازی اور مختلف عوامی پروگراموں کے ساتھ منائی۔ تاہم بعض علاقوں میں شدید گرمی، طوفانی موسم اور گرج چمک کے باعث تقریبات متاثر بھی ہوئیں۔

دارالحکومت واشنگٹن میں خراب موسمی حالات اور وقفے وقفے سے ہونے والی بجلی کی چمک کے باوجود تقریباً 40 منٹ تک جاری رہنے والی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑا تھا۔

منتظمین کے مطابق آتش بازی کے لیے تقریباً آٹھ لاکھ پچاس ہزار آتش گیر گولے شہر کے دس مختلف مقامات سے فائر کیے گئے، جن میں لنکن میموریل ریفلیکٹنگ پول، دریائے پوٹومیک میں نصب پلیٹ فارم اور ویسٹ پوٹومیک پارک شامل تھے۔ منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی آتش بازی ثابت ہو سکتی ہے اور اس حوالے سے عالمی ریکارڈ بھی قائم ہونے کا امکان ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر آتش بازی کو سراہتے ہوئے اسے “تاریخ کا بہترین آتش بازی کا مظاہرہ” قرار دیا، جبکہ اس پروگرام پر تقریباً آٹھ لاکھ پچاس ہزار ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ظاہر کیا گیا۔