امریکی ایوانِ نمائندگان نے ہوم لینڈ سیکیورٹی فنڈنگ بل منظور کر لیا

واشنگٹن(رائٹرز، اے ایف پی، سی این این، دی واشنگٹن پوسٹ)امریکی ایوانِ نمائندگان نے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی فنڈنگ کا بل منظور کر لیا ہے، جس کے بعد 75 روز سے جاری جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

بل میں ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن سمیت اہم وفاقی اداروں کی بحالی شامل ہے، جس کا مقصد تقریباً 11 ہفتوں سے جاری تعطل کو ختم کرنا ہے۔ اب یہ بل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کیلئے بھیج دیا گیا ہے، جن کے آج اس پر دستخط کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت ریپبلکن جماعت کے اندر کئی ہفتوں سے جاری اختلافات کے بعد سامنے آئی۔ ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن کو اپنی ہی جماعت کے معتدل ارکان کی مزاحمت کا سامنا تھا، جس کے بعد پارٹی قیادت کو مؤقف میں لچک دکھانا پڑی۔

بل کو وائس ووٹ کے ذریعے منظور کیا گیا ہے، جس میں وفاقی امیگریشن نافذ کرنے والے اداروں کیلئےاضافی فنڈنگ شامل نہیں کی گئی، جسے ڈیموکریٹس کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق اس بل کی منظوری کے بعد ہوم لینڈ سیکیورٹی سے متعلق اداروں کی معمول کی فنڈنگ بحال ہونے اور حکومتی سرگرمیوں کے مکمل طور پر فعال ہونے کی توقع ہے۔