امریکی حملوں میں برطانوی فوجی اڈوں کے استعمال پر ایران کی شدید مذمت

تہران (ایرانی وزارتِ خارجہ، رائٹرز، اے ایف پی، برطانوی میڈیا)ایران نے امریکا کی جانب سے حملوں میں بعض برطانوی فوجی اڈوں کے استعمال کی اجازت دینے کے برطانوی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق برطانیہ جارحیت کی مذمت کرنے کے بجائے حملہ آور ممالک کا ساتھ دے رہا ہے، جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں معاونت، جارحیت اور جنگی جرائم میں شراکت داری کے مترادف ہے، جبکہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے برطانوی اڈوں کا استعمال ایران کے خلاف جارحیت میں عملی شرکت تصور کیا جا سکتا ہے۔

ایران نے خبردار کیا کہ وہ اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے، اور جو بھی ملک ایران پر حملوں میں معاونت کرے گا اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

دوسری جانب رائٹرز، اے ایف پی اور برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں میں بعض برطانوی فوجی اڈوں کے استعمال سے متعلق سابقہ حکومتی پالیسی برقرار رکھنے کی منظوری دی ہے۔