امریکی دھمکیوں کو اہمیت نہیں دیتے:باقر قالیباف کا سخت بیان

تہران( ایرانی میڈیا، بین الاقوامی خبر رساں ادارے)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کا ایران پر کوئی اثر نہیں ہوتا، اور اگر ان دھمکیوں کا کوئی حقیقی اثر ہوتا تو امریکہ آج اس سطح کی مایوسی کا شکار نہ ہوتا جس کا وہ دعویٰ کر رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران امریکی بیانات کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا اور بہتر ہوگا کہ واشنگٹن اپنے الفاظ میں احتیاط برتے۔ ان کے مطابق ایران کی پالیسی واضح اور خودمختار ہے۔باقر قالیباف نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے جواب میں مختلف حکمتِ عملی اختیار کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی سطح پر بیانات چاہے جیسے بھی ہوں، عملی اقدامات ایران خود کرے گا اور فیصلوں میں خودمختاری برقرار رکھے گا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات میں تناؤ اور تعطل کی صورتحال بھی رپورٹ ہو رہی ہے۔