امریکی صدر کے دستخط بے وقعت اور بے معنی ہیں:ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای

تہران (ارنا/ایرانی سرکاری ٹی وی) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط بے وقعت اور بے معنی ہیں اور امریکا نے ایک بار پھر اپنے معاہدوں کی خلاف ورزی کر کے اپنی ناقابلِ اعتماد حیثیت ثابت کر دی ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدوں کی بار بار خلاف ورزی سے واضح ہو گیا ہے کہ امریکی صدر کے دستخط کی کوئی حقیقی حیثیت یا ضمانت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) سے متعلق پیش رفت نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ امریکی صدر کے دستخط نہ صرف بے وقعت ہیں بلکہ ان کی کوئی عملی افادیت بھی نہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکا کے طرزِ عمل نے ایک بار پھر یہ ظاہر کیا ہے کہ اس کی پالیسی ’’غنڈہ گردی، تسلط اور وحشی پن‘‘ پر مبنی ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کو ایک بار پھر ’’شیطانِ بزرگ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وعدہ خلافیوں اور مبینہ جرائم کا یہ تجربہ امریکا کی بددیانتی، غیر معقول رویے، ناقابلِ اعتماد ہونے اور اخلاقی پستی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔