امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مذاکرات کیلئےسوئٹزرلینڈ روانہ

واشنگٹن( امریکی میڈیا،ایجنسیاں)امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت کا اگلا دور آج متوقع ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ان کا سوئٹزرلینڈ میں ایک یا دو روز قیام متوقع ہے اور اس دورے کا مقصد جوہری معاملے پر پیش رفت کے ساتھ لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔

امریکی نائب صدر کے مطابق فریقین کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور سفارتی حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ادھر امریکی صدر کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں اور مذاکراتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق قطر کے نمائندے بھی مذاکراتی عمل میں شریک ہوں گے، جبکہ مختلف فریقین خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے امکانات پر غور کریں گے۔یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے بعد سفارتی رابطوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔