انطالیہ (ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے اہم سرکاری دورے پر انطالیہ پہنچ گئے، جہاں انطالیہ کے گورنر ہلوسی شاہین نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔استقبالیہ موقع پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے، جہاں وہ ’لیڈرز پینل‘ میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ادھر پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کیلئے سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں، اور اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا دوسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ایک جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کا دورہ کر چکے ہیں، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب اور قطر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ترکیہ پہنچے ہیں۔

