انقرہ: وزیراعظم شہباز شریف کی ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات

انقرہ(ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے انقرہ میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف آج انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف عالمی رہنماؤں کے سامنے پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فورم میں شرکت اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم نے قطر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس میں خلیج کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے خلیج کے بعض ممالک پر حملوں کی مذمت بھی کی اور خطے میں تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔