اونٹاریو حکومت عوامی مسائل کے بجائے نجی طیاروں پر توجہ دے رہی ہے:لبرلز

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر نے آڈیٹر جنرل کی تازہ رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے نجی طیاروں اور غیر ضروری معاملات پر توجہ دے رہی ہے۔

جان فریزر نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ ایک ایسی حکومت کی تصویر پیش کرتی ہے جو سمت سے محروم، عوام سے کٹی ہوئی اور احتساب سے گریزاں ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ خصوصی تعلیمی ضروریات رکھنے والے طلبہ کو گزشتہ 8 برسوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ صوبے میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد طلبہ خصوصی تعلیمی سہولیات کے محتاج ہیں۔

لبرل رہنما کے مطابق 87 فیصد اساتذہ انفرادی تعلیمی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مطلوبہ معاونت سے محروم ہیں جبکہ تعلیمی معاونین کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر خالی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے پیشہ ورانہ تعلیمی جائزوں کے لیے ایک سال سے زائد انتظار پر مجبور ہیں یا پھر 5 ہزار ڈالر خرچ کر کے نجی جائزہ کروانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

جان فریزر نے ٹرک ڈرائیور لائسنسنگ نظام پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلسازی، غفلت اور ناقص نگرانی نے صوبے کی سڑکوں کو خطرناک بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق بھی صورتحال تشویشناک ہے کیونکہ بیشتر ویب سائٹس خطرناک قرار دی جا چکی ہیں جبکہ صرف 3 فیصد عملے نے اے آئی تربیت حاصل کی ہے۔

جان فریزر نے حکومت سے ان کے پیش کردہ “فیئر اینڈ فری الیکشنز ایکٹ 2026” کی منظوری کا مطالبہ بھی کیا۔بل کے تحت انتخابی مہم کا دورانیہ 36 سے 42 روز تک بڑھانے، چیف الیکٹورل آفیسر کو ریٹرننگ افسر مقرر کرنے کے اختیارات دینے، اے آئی سے تیار کردہ سیاسی اشتہارات پر واضح لیبل لگانے اور جھوٹی انتخابی معلومات کے خلاف کارروائی کی تجاویز شامل ہیں۔جان فریزر نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کے لیے ووٹرز کو مناسب وقت اور سہولت دینا ضروری ہے جبکہ 28 روزہ انتخابی مدت ناکافی ہے۔