ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو کے رکن صوبائی پارلیمنٹ شیرف صباوی نے صوبے بھر میں پولیس کے نان ایمرجنسی کالز کیلئے تین ہندسوں پر مشتمل ایک معیاری فون نمبر متعارف کرانے کی باضابطہ تجویز پیش کر دی ہے، جس کا مقصد 911 ایمرجنسی سسٹم پر بڑھتے ہوئے غیر ضروری دباؤ کو کم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ تجویز ایک پرائیویٹ ممبرز موشن کی صورت میں اونٹاریو اسمبلی میں پیش کی گئی ہے، جس میں صوبے کے سالیسیٹر جنرل سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ آیا نان ایمرجنسی پولیس کالز کیلئے تین ہندسوں کا ایک یکساں نمبر پورے صوبے میں نافذ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
رپورٹس کے مطابق پیل ریجن اور ٹورنٹو جیسے بڑے شہری علاقوں میں روزانہ آنے والی911 کالز میں سے تقریباً 35 سے 45 فیصد کالز ایسی ہوتی ہیں جو ایمرجنسی نوعیت کی نہیں ہوتیں۔ ان غیر ضروری کالز کے باعث نہ صرف ایمرجنسی آپریٹرز کا وقت ضائع ہوتا ہےاورحقیقی ہنگامی صورتحال میں مدد پہنچنے میں تاخیر کا بھی خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
شیرف صباوی کی اس تجویز کے تحت ایک ایسا تین ہندسوں کا نمبر متعارف کرایا جائیگاجو نان ایمرجنسی کالز کو براہ راست مقامی پولیس کے موجودہ نان ایمرجنسی فون لائن پر منتقل کریگا، یوں911 ڈسپیچ سروسز کو بائی پاس کیا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس نمبر کو پورے صوبے میں یکساں رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ تمام میونسپلٹیز میں ایک ہی نمبر استعمال ہو اور عوام کو اسے یاد رکھنے میں آسانی ہو۔
شیرف سباوی نے کہا کہ کسی بھی شہری کو حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں911 پر کال کرنے سے نہیں روکا جانا چاہیے، تاہم غیر ہنگامی معاملات میں عوام کو چاہیے کہ وہ مقامی پولیس کے نان ایمرجنسی نمبر پر رابطہ کریں تاکہ ایمرجنسی لائن کو حقیقی ضروریات کیلئے خالی رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین ہندسوں کا آسان نمبر متعارف کرانے سے شہریوں کیلئے نان ایمرجنسی پولیس سروس تک فوری رسائی ممکن ہو سکے گی۔
یاد رہے کہ اگست 2025 میں ٹورنٹو پولیس نے 877 کے نام سے تین ہندسوں پر مشتمل نان ایمرجنسی نمبر متعارف کرایا تھا، جس سے موبائل نیٹ ورکس جیسے Rogers، Bell، TELUS، Freedom Mobile اور ان کی ذیلی سروسز کے صارفین براہ راست پولیس کی نان ایمرجنسی لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ابتدائی چار ماہ کے دوران اس نمبر پر 11 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں، جسے ایک کامیاب اقدام قرار دیا جا رہا ہے اور اسی بنیاد پر دیگر شہروں میں بھی اس ماڈل کو اپنانے کی تجاویز سامنے آ رہی ہیں۔
مزید برآں پیل ریجنل پولیس کا نان ایمرجنسی نمبر 3311-453-905 پہلے سے فعال ہے، تاہم مختلف علاقوں میں مختلف نمبرز ہونے کے باعث عوام کو مشکلات پیش آتی ہیں، جس کے حل کیلئے ایک یکساں تین ہندسوں کا نمبر متعارف کرانے پر زور دیا جا رہا ہے۔
یہ اقدام صوبے میں جاری نیکسٹ جنریشن 911 سسٹم کی بہتری کے منصوبے کا بھی حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایمرجنسی سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
اس پرائیویٹ ممبرز موشن پر اونٹاریو اسمبلی میں مئی کے وسط میں بحث متوقع ہے جبکہ شہریوں کو اس پیشرفت سے باخبر رہنے کیلئےسوشل میڈیا اپ ڈیٹس اور ویب سائٹ sabawy.ca پر رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

