اونٹاریو لبرلز کے زیر اہتمام اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ میں عید کی تقریب

اونٹاریو ( نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل کاکس اور اسکاربرو گلڈووڈ سے رکن صوبائی پارلیمنٹ اینڈریا ہیزل کی میزبانی میں اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کے قسیس بینکوئٹ ہال میں عید کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اڑھائی سو سے زائد کمیونٹی ارکان نے شرکت کی۔

تقریب میں خاندانوں، سماجی و مذہبی رہنماؤں، مقامی رہائشیوں اور گریٹر ٹورنٹو ایریا سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں نے شرکت کی، جہاں عید کی خوشیوں کے ساتھ کمیونٹی، سخاوت اور عوامی خدمت کی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر، رکن صوبائی پارلیمنٹ اینڈریا ہیزل، اسٹیفنی باؤمین، میری مارگریٹ میک موہن، ٹیڈ شو، جوناتھن ساؤ اور اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کے امیدوار احسن الحفیظ بھی موجود تھے۔

احسن الحفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ اونٹاریو کی متنوع اور متحرک برادریوں میں شمار ہوتا ہے اور عید جیسی تقریبات خاندان، خدمت، ہمدردی اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔

اینڈریا ہیزل نے کمیونٹی کی مسلسل خدمات کو سراہتے ہوئے ثقافتی اور مذہبی تنوع کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ جان فریزر نے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں شرکاء کیلئے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا اور مقامی رہائشیوں کو منتخب نمائندوں اور کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع ملا۔