اوٹاوا :حکومتِ کینیڈا کاپوسٹ سیکنڈری طلبہ کیلئے مالی معاونت کااعلان

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)برامپٹن ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے اعلان کیا ہے کہ حکومتِ کینیڈا پوسٹ سیکنڈری طلبہ کیلئے مالی معاونت میں توسیع کر رہی ہے، جس کے تحت تعلیمی سال 27-2026 کیلئے اسٹوڈنٹ گرانٹس اور قرضوں میں دی گئی خصوصی سہولیات برقرار رکھی جائیں گی تاکہ طلبہ اور ان کے خاندانوں پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔

سونیا سدھو کے مطابق پوسٹ سیکنڈری تعلیم مستقبل میں ایک اہم سرمایہ کاری ہے اور یہ ضروری ہے کہ طلبہ مالی رکاوٹوں کے بغیر تعلیم اور تربیت حاصل کر سکیں تاکہ ملک کیلئےمضبوط، باصلاحیت اور مسابقتی افرادی قوت تیار ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس توسیع کے تحت نان ریپی ایبل کینیڈا اسٹوڈنٹ گرانٹس میں 40 فیصد اضافے کو برقرار رکھا جائے گا، جس سے کل وقتی اور جزوقتی طلبہ، معذور طلبہ اور زیر کفالت افراد رکھنے والے طلبہ فائدہ اٹھائیں گے۔

سونیا سدھو نے مزید کہا کہ کینیڈا اسٹوڈنٹ لون کی ہفتہ وار حد کو بھی 210 ڈالر سے بڑھا کر 300 ڈالر تک برقرار رکھا گیا ہے تاکہ طلبہ بڑھتے تعلیمی اخراجات کو بہتر طریقے سے پورا کر سکیں جبکہ یہ قرضے وفاقی سطح پر بلا سود فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ان کے مطابق تعلیمی سال 27-2026 کے دوران ملک بھر میں تقریباً 5 لاکھ 71 ہزار طلبہ بہتر گرانٹس سے مستفید ہونگے جبکہ 4 لاکھ 22 ہزار تک طلبہ قرضہ حد میں اضافے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

سونیا سدھو کا کہنا تھا کہ ان اقدامات پر مجموعی طور پر تقریباً 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم کو قابلِ استطاعت رکھا جا سکے اور طلبہ کو مستقبل میں درکار مہارتوں کے حصول میں مدد دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ سیکنڈری تعلیم کو سستا بنانا طلبہ کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ اپنی توجہ سیکھنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی پر مرکوز رکھ سکیں۔ ان کے بقول حکومت ان بہتر گرانٹس اور قرضہ سہولیات کے ذریعے طلبہ، ان کی صلاحیتوں اور کینیڈا کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنی سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔

سونیا سدھو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کینیڈین شہریوں کیلئے اخراجات کم کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی کہ ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اپنی تعلیم اور تربیت کے اہداف حاصل کرنے کے مساوی مواقع میسر ہوں۔