اٹلی: فائرنگ سے گردوارہ کے سابق صدر راجندر سنگھ ساتھی سمیت ہلاک

کُوو / برگامو (اطالوی میڈیا، بین الاقوامی میڈیا)اٹلی کے شہر کُوو میں واقع گردوارہ ماتا صاحب کور جی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں دو بھارتی شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جس کے بعد مقامی اور عالمی سطح پر سکھ برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

اطالوی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں راجندر سنگھ شامل ہیں جو گردوارہ ماتا صاحب کور جی کے سابق صدر بھی رہ چکے تھے، جبکہ دوسرے مقتول گرمیت سنگھ ہیں۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو “منصوبہ بند قتل” قرار دیا ہے۔

اطالوی پولیس کے مطابق واقعہ کسی اچانک جھگڑے کا نتیجہ نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا حملہ معلوم ہوتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں۔واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سکھ برادری خالصہ ڈے کی تقریبات کی تیاریوں میں مصروف تھی، جس کے باعث اس سانحے نے کمیونٹی کو مزید صدمے سے دوچار کر دیا۔

دوسری جانب عالمی اور بھارتی حلقوں نے اس واقعے کو نہ صرف ایک پرتشدد کارروائی بلکہ مذہبی مقام کی حرمت اور عبادت کے حق پر حملہ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عبادت گاہ کے باہر اندھا دھند فائرنگ ناقابلِ معافی عمل ہے۔بھارتی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے اور اس کے پسِ پردہ کسی بھی ممکنہ سازش کو بے نقاب کیا جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی حکومت اس معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھائے اور دنیا بھر میں مذہبی مقامات اور اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔یہ واقعہ یورپ میں مقیم سکھ برادری کے لیے ایک بڑا صدمہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مختلف سماجی و مذہبی حلقوں کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا جا رہا ہے۔