اٹلی کی وزیراعظم میلونی کا صدر ٹرمپ پر ایک اور وار، الزامات مسترد

روم( غیر ملکی میڈیا)اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔

جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ ان کی مقبولیت امریکی صدر کی تشویش کا موضوع نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق ان کی سیاسی حیثیت اور عوامی حمایت کا انحصار کسی غیر ملکی رہنما کے بیانات یا تعلقات پر نہیں بلکہ اٹلی کے قومی مفادات کے تحفظ پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو مقبولیت کے بارے میں فکر کرنی چاہیے تو وہ خود اپنی کارکردگی اور عوامی اعتماد پر توجہ دے۔

یہ ردعمل اس تنازع کے بعد سامنے آیا ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے شروع ہوا تھا کہ جی سیون اجلاس کے دوران جارجیا میلونی مبینہ طور پر ان کے ساتھ تصویر بنوانے میں دلچسپی ظاہر کرتی رہی تھیں اور بعد ازاں بعض معاملات پر امریکا کے ساتھ مکمل تعاون نہیں کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ لفظی کشیدگی عالمی میڈیا میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جبکہ سیاسی مبصرین کے مطابق اس نوعیت کے بیانات سے امریکا اور یورپی اتحادیوں کے تعلقات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔