ایئر انڈیا کی بڑی غلطی، کینیڈا جانے والی پرواز 8 گھنٹے بعد واپس

نئی دہلی (بھارتی میڈیا، ایئر انڈیا) ایئر انڈیا کی کینیڈا کے شہر وینکوور جانے والی پرواز تکنیکی اور انتظامی غلطی کے باعث منزل تک پہنچنے کے بجائے تقریباً آٹھ گھنٹے فضا میں رہنے کے بعد واپس نئی دہلی لوٹ آئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز اے آئی 185 بدھ کے روز صبح نئی دہلی سے روانہ ہوئی اور معمول کے مطابق سفر جاری رکھا، تاہم تقریباً چار گھنٹے بعد چین کی فضائی حدود میں کنمنگ کے قریب پہنچنے پر ایئر لائن کو معلوم ہوا کہ استعمال ہونے والا طیارہ کینیڈا میں لینڈنگ کی اجازت نہیں رکھتا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا نے غلطی سے بوئنگ 777-200 ایل آر طیارہ استعمال کیا جبکہ کینیڈا کیلئےکمپنی کو صرف بوئنگ 777-300 ای آر طیاروں کی آپریشنل منظوری حاصل ہے۔بین الاقوامی ہوا بازی قوانین کے تحت بعض ممالک مخصوص طیاروں یا ان کے رجسٹریشن نمبرز کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دیتے ہیں۔

ایئر لائن نے غلطی کا احساس ہوتے ہی طیارے کو واپس نئی دہلی طلب کر لیا، پرواز نے مجموعی طور پر 7 گھنٹے 54 منٹ فضا میں گزارنے کے بعد اسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔

ایئر انڈیا نے واقعے کو “آپریشنل مسئلہ”قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ معیاری حفاظتی طریقۂ کار کے مطابق کیا گیا، متاثرہ مسافروں کو ہوٹل میں قیام اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں اور انہیں اگلے روز دوبارہ روانہ کر دیا گیا۔