ایئر کینیڈا نے مہنگے پٹرول کے باعث امریکا کیلئے متعدد پروازیں منسوخ کر دیں

ٹورنٹو (مانیٹرنگ ڈیسک): ایئر کینیڈا نے جیٹ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امریکا جانے والے مسافروں کی کم ہوتی طلب کے باعث امریکا کیلئےاپنی متعدد پروازیں منسوخ یا مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایئر لائن کے نئے شیڈول کے مطابق موسمِ خزاں سے امریکا جانے والے آٹھ فضائی روٹس متاثر ہونگے۔ ٹورنٹو اور مونٹریال سے امریکا کے وسطی علاقوں کیلئےچلنے والی تین پروازیں مسلسل دوسرے سال موسمِ سرما کیلئے معطل رہیں گی۔

اسی طرح اوٹاوا، مونٹریال اور کیوبیک سٹی سے فلوریڈا کے لیے چلنے والی تین موسمی پروازیں، جو معمول کے مطابق اکتوبر میں شروع ہونی تھیں، اب دسمبر میں شروع کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں ٹورنٹو اور مونٹریال سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے دو معطل شدہ پروازیں بھی اس موسمِ سرما میں بحال نہیں کی جائیں گی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں رواں سال مئی تک فضائی راستے سے امریکا سے واپس آنے والے کینیڈین مسافروں کی تعداد میں 28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو کم ہو کر تقریباً چار لاکھ باسٹھ ہزار رہ گئی۔

ایئر کینیڈا کی ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی مسافروں کی طلب اور موسمی سفری رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے پروازی شیڈول کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہے تاکہ گنجائش اور طلب میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق اگرچہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے پروازیں فی الحال بحال نہیں کی جا رہیں، تاہم مستقبل میں ان کی بحالی کا امکان موجود ہے۔ اس دوران ایئر لائن موسمِ سرما میں ٹورنٹو کے بلی بشپ ہوائی اڈے اور نیویارک کے لاگارڈیا ہوائی اڈے کے درمیان روزانہ پانچ تک پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔