اسلام آباد(رائٹرز، اے ایف پی، بی بی سی، الجزیرہ)پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد دور ہوئے۔اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی جبکہ محمد باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد نے مذاکرات میں شرکت کی۔
اسحاق ڈار کے مطابق دونوں وفود کے درمیان مختلف اہم امور پر تفصیلی اور تعمیری بات چیت ہوئی، جبکہ انہوں نے بطور نائب وزیراعظم اور عاصم منیر نے بھی مذاکراتی عمل میں معاونت فراہم کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان سہولت کار کے طور پر کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کی جانب سے پاکستان کے مثبت کردار کے اعتراف پر شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ ایران اور امریکا خطے اور دنیا میں پائیدار امن و خوشحالی کیلئے مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے۔اسحاق ڈار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کیلئے ضروری ہے کہ وہ سیز فائر برقرار رکھنے کے عزم پر قائم رہیں۔

