ایرانی حملے میں بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو آگ لگ گئی: کویت

کویت سٹی (رائٹرز) کویت کی وزارتِ بجلی، پانی و توانائی نے کہا ہے کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، جہاں آگ بھی بھڑک اٹھی۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے سے پلانٹ کی متعدد تنصیبات متاثر ہوئیں اور بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہوگئے، جس کے بعد قومی بجلی کے نظام کو مستحکم رکھنے اور اثرات محدود کرنے کے لیے ہنگامی منصوبہ فعال کر دیا گیا۔

بیان کے مطابق کویت فائر فورس نے آگ پر قابو پا لیا ہے، جبکہ وزارت کی ہنگامی اور تکنیکی ٹیمیں متعلقہ اداروں کے تعاون سے نقصان کا جائزہ لینے، پلانٹ کو محفوظ بنانے اور متاثرہ یونٹس کو جلد از جلد بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

وزارت نے کہا کہ تکنیکی عملہ چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے، قومی گرڈ کے استحکام کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ خلل سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

وزارتِ بجلی، پانی و توانائی نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ غیر معمولی صورتحال میں بجلی کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ قومی گرڈ پر دباؤ کم رہے، مرمتی کام میں سہولت ہو اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھی جا سکے۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے شام میں امریکی التنف کمانڈ سینٹر، قطر میں امریکی العدید ایئربیس، عمان میں امریکی میری ٹائم سرویلنس ریڈار، بحرین کے سخیر بیس اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات و لاجسٹک مراکز کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے العدید ایئربیس پر لانگ رینج ریڈار سسٹم اور متعدد امریکی اسٹریٹیجک ریفیولنگ طیارے تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

ادھر قطری وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ قطر پر ہونے والے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا گیا، جبکہ بحرینی فوج نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے روک دیے گئے۔ اردنی فوج کے مطابق اردن کی حدود کی جانب آنے والے تین ایرانی میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ امریکی حملے جاری رہنے تک آبنائے ہرمز کے راستے تیل اور گیس کی کوئی برآمد نہیں ہونے دی جائے گی۔