تہران( ایرانی میڈیا، سوشل میڈیا)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے طے پانیوالی مفاہمتی یادداشت کا متن اور اس کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کرتے ہوئے معاہدے کو تاریخی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دستاویز ہے جو ایک مضبوط اور خودمختار ایران کا پیغام دیتی ہے، جبکہ پائیدار امن صرف باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کا متن ایرانی قوم کی آواز کی حقیقی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے بقول ایرانی عوام نے کسی دھمکی، دباؤ یا بیرونی طاقت کے سامنے اپنی عزتِ نفس اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا، بلکہ آج کی پیش رفت قوم کی استقامت، ثابت قدمی اور ذمہ دارانہ سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔
مسعود پزشکیان نے معاہدے کی تصویر بھی جاری کی، جس پر ان کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ثالثی کا کردار ادا کرنے والے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے دستخط بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان معاہدے پر دستخط کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان نے ثالث کی حیثیت سے اس کی توثیق کی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے دستخط بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیش رفت کو خطے میں امن اور استحکام کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاہدہ علاقائی کشیدگی کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عمل کو کامیاب بنانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی اہم قرار دیا تھا، جبکہ امریکی صدر، ایرانی قیادت اور صدر مسعود پزشکیان کو معاہدے پر مبارک باد پیش کی تھی۔

