ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس سے قبل عباس عراقچی نے اپنے دورۂ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دو طرفہ امور پر شراکت داروں سے قریبی رابطے اور خطے کی صورتحال پر مشاورت کرنا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے حالیہ دنوں میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے بھی رابطے کیے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے گفتگو میں خطے کی صورتحال، جنگ بندی اور امریکا-ایران روابط کے حوالے سے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری پیش رفت ناگزیر ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی گفتگو کی، جس میں علاقائی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور زیر غور آئے، جبکہ مختلف سطحوں پر علیحدہ علیحدہ رابطے بھی کیے گئے۔