تہران( رائٹرز، اے ایف پی، ایرانی خبر ایجنسی، الجزیرہ)ایران بھر میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے جاری ہیں، جبکہ شیراز میں زوردار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے وسطی ایران میں واقع اراک ایلومینیم پلانٹ کو نشانہ بنایا، جبکہ ماہ شہر میں امیر کبیر پیٹروکیمیکل پلانٹ پر بھی حملہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اراک ایلومینیم پلانٹ سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جبکہ ایران کے البرز صوبہ میں ایک ہائی وے پر بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی گئی۔دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بیک وقت متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اسرائیل پر میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایران سے داغے گئے میزائلوں کو ناکام بنانے کی کوشش جاری ہے اور عوام کو گھروں میں رہنے اور کھڑکیوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

