تہران (رائٹرز) ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک بڑا بِل بورڈ نصب کیا گیا ہے، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک سیاہ تابوت کے اندر دکھایا گیا ہے۔ یہ بِل بورڈ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران نصب کیا گیا، جبکہ اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بِل بورڈ میں ٹرمپ کی تصویر کو ایک علامتی سیاسی پیغام کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ایران میں ماضی میں بھی امریکا اور اسرائیل کیخلاف سرکاری اور نیم سرکاری تشہیری مہمات کے تحت اسی نوعیت کے بِل بورڈز نصب کیے جاتے رہے ہیں۔
یہ بِل بورڈ ایسے وقت میں نصب کیا گیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان فوجی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، دونوں ممالک کے رہنما ایک دوسرے کیخلاف سخت بیانات دے رہے ہیں، جبکہ سفارتی رابطے بھی مختلف سطحوں پر جاری ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے سیاسی بِل بورڈز کا مقصد عموماً علامتی پیغام دینا اور عوامی رائے عامہ پر اثر انداز ہونا ہوتا ہے، اور انہیں زیادہ تر سیاسی تشہیر یا پروپیگنڈا مہم کا حصہ سمجھا جاتا ہے، نہ کہ کسی سرکاری یا عملی کارروائی کا اعلان۔

