واشنگٹن( امریکی میڈیا رپورٹس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان ایران سے ممکنہ معاہدے کی تجاویز پر سخت اور تلخ گفتگو ہوئی ہے۔امریکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فونک رابطے میں بنیامین نیتن یاہو کو بتایا کہ ثالث ایک ایسے خط پر کام کر رہے ہیں جس میں امریکی اور ایرانی شرائط شامل ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ اس مجوزہ دستاویز پر امریکا اور ایران دستخط کریں گے، جس کے بعد 30 روزہ مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ان مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز کھولنے سمیت اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی شب ہونے والی اس گفتگو کے بعد بنیامین نیتن یاہو شدید برہم ہوگئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور وائٹ ہاؤس دونوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان مکمل اتفاق موجود ہے اور بنیامین نیتن یاہو وہی کریں گے جو امریکا کہے گا۔

