ایران میں امریکہ اور اسرائیل کیلئے کام کرنے والے 25 افراد گرفتار

تہران ( مہر نیوز ایجنسی) ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کیلئےکام کرنے والے 25 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں وسطی مغربی صوبہ مرکزی کے 23 اور شمال مشرقی صوبہ گلستان کے دو افراد شامل ہیں۔

وزارت کے مطابق گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے فوجی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات ایک بین الاقوامی میڈیا پلیٹ فارم کے ساتھ شیئر کیں، جسے ایران اسرائیل سے منسلک قرار دیتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت نے 15 فارسی بولنے والے افراد کی مجرمانہ سرگرمیوں کی دستاویزات بھی تیار کی ہیں جو بیرونِ ملک اسرائیل کے ایجنٹس کے طور پر کام کر رہے ہیں اور معلومات عدلیہ کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔

ایرانی حکام نے پہلے بھی بیرونِ ملک مقیم ایرانیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ یا اسرائیل سے منسلک اداروں کے ساتھ تعاون نہ کریں بصورتِ دیگر ایران میں ان کی جائیداد ضبط کی جا سکتی ہے۔