تہران(ایرانی میڈیا، خبر ایجنسیاں)ایران نے ملک بھر میں پروازوں پر عائد عارضی پابندی ختم کرتے ہوئے فضائی حدود کو معمول کے مطابق بحال کر دیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق تہران حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی پروازوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں اور فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری ہیں۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق ایران نے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر تمام آنے اور جانے والی پروازوں کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا تھا، تاہم بعد ازاں پابندی واپس لے لی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے دعوے کیے گئے تھے۔ بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر اسرائیل نے اپنی کارروائیاں روکنے کا اعلان کیا تھا۔
دریں اثنا ایرانی خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے اسرائیل کیخلاف مسلح افواج کی کارروائیاں روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کے مظلوم عوام کی حمایت میں صہیونی ریاست کو مؤثر اور دردناک جواب دیا جا چکا ہے۔ایرانی فوجی قیادت کے بیان میں کہا گیا کہ لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد فوجی آپریشن عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔

