تہران (ایرانی سرکاری میڈیا)ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو امن معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کر دیا ہے اور حالیہ پیش رفت ایران کے مؤقف کی کامیابی ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل معاہدے سے متعلق جلد باضابطہ بیان جاری کرے گی، جس میں معاہدے کی تفصیلات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی آج رات سے ختم کر دی جائے گی، جبکہ مفاہمتی یادداشت کا مکمل متن دونوں فریقوں کے دستخط کے بعد جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کا مقصد دشمن پر اعتماد کرنا نہیں بلکہ کشیدگی میں کمی لانے کیلئےایک فریم ورک فراہم کرنا ہے، جبکہ حتمی اور جامع معاہدے کیلئے آئندہ 60 روز کے دوران مزید مذاکرات کیے جائیں گے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر معاہدے کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی کی گئی یا اس پر عمل درآمد نہ ہوا تو ایران مناسب ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
تاہم ایران اور امریکا کے درمیان اس مجوزہ معاہدے کی مکمل سرکاری دستاویز یا مشترکہ اعلامیہ تاحال جاری نہیں کیا گیا، اس لیے معاہدے کی حتمی تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔

