تہران (ایجنسیاں) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی بحرِ ہند میں موجود ایک امریکی بحری جہاز کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک الگ بیان میں دعویٰ کیا کہ بحرین میں امریکی ڈرونز کے ایک ڈپو اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) سینٹر کو بھی حملے میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضاعی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر مزید حملے کیے تو جنگ کا رخ تبدیل ہو سکتا ہے۔
محسن رضاعی کا کہنا تھا کہ ایران اب صرف دفاعی نہیں بلکہ جارحانہ حکمتِ عملی بھی اختیار کر سکتا ہے، اور اگر آئندہ چند روز میں مزید حملے ہوئے تو مکمل جارحانہ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔تاہم ایرانی حکام کے ان دعوؤں کی امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ ان کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

