بیجنگ (رائٹرز، اے ایف پی، بلومبرگ، چینی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو 20 سال کیلئے معطل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم اس کیلئے حقیقی عزم اور سنجیدگی ضروری ہے۔
دو روزہ دورۂ چین مکمل کرنے کے بعد بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں ایرانی تیل خریدنے والی چینی کمپنیوں پر عائد پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کرینگے جبکہ چین امریکا سے اربوں ڈالر مالیت کی سویا بین خریدے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ جوہری ہتھیاروں میں کمی اور تائیوان کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی، انہیں نہیں لگتا کہ تائیوان پر کوئی تنازع ہونے جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تاحال تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے کی منظوری نہیں دی گئی، ممکن ہے دی جائے اور ممکن ہے نہ دی جائے، جبکہ تائیوان کے معاملے پر چین سے کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔امریکی صدر نے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاکستان کے وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کی تعریف بھی کی۔

