ایران کا سعودی عرب میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کا دعویٰ

ریاض/واشنگٹن (ایگزیوس، ایرانی سرکاری میڈیا، عرب میڈیا) امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے سعودی عرب میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغا ہے، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی حملے کی تصدیق کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہر الخرج میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس اڈے پر امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ ٹینکر طیارے تعینات تھے، جنہوں نے ایران پر امریکی فضائی حملوں میں معاونت فراہم کی تھی۔

دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ینبع اور الخرج کو لاحق ممکنہ خطرات ٹل گئے ہیں اور صورتحال قابو میں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رات کے وقت دونوں شہروں کے لیے ممکنہ خطرے کے پیش نظر حفاظتی وارننگ جاری کی گئی تھی، تاہم سعودی حکام نے بعد ازاں خطرہ ختم ہونے کی تصدیق کر دی۔