تہران / کویت سٹی / منامہ ( تسنیم نیوز ایجنسی، آئی آر جی سی، کویتی وزارتِ دفاع) ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کویت نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق کویت کے احمد الجابر ایئربیس پر نصب ابتدائی انتباہی ریڈار، FPS-117 ریڈار، میزائل دفاعی ریڈار سسٹم، پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور سیٹلائٹ مواصلاتی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد خطے میں ریڈار کوریج کو کمزور کرنا تھا تاکہ آئندہ میزائل اور ڈرون کارروائیوں کے لیے راستہ ہموار کیا جا سکے۔
ایرانی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کامیکازی ڈرونز کے ذریعے کویت میں امریکی فوج کی تین اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کیمپ عریفجان کی انتظامی عمارتیں اور سمت شناسی (Direction Finding) اینٹینا، کیمپ العدیری میں ہیلی کاپٹروں کی پارکنگ اور احمد الجابر ایئربیس پر فوجیوں کی رہائشی تنصیبات شامل ہیں۔
ایرانی فوج کے مطابق امریکی کارروائیوں سے خطے کا امن متاثر ہوا ہے اور ایران اپنی فوجی کارروائیوں کو خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی کوشش قرار دیتا ہے۔
دوسری جانب کویتی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں بھی امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ محرق میں امریکی فضائی دفاعی نظام اور ریڈار کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ الرفاع میں مربوط میزائل اور ڈرون حملے کے ذریعے امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام پر حملہ کیا گیا۔
آزاد ذرائع سے ان ایرانی دعوؤں کی مکمل تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے بھی ان حملوں کی تفصیلات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

