ایران کا کویت میں دو امریکی فوجی اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

تہران/دوحہ (الجزیرہ) امریکی حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کویت میں واقع دو امریکی فوجی اہداف پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے فوجی بیان کے مطابق ڈرون حملوں میں کیمپ الادیری میں قائم امریکی اسلحہ ڈپو اور علی السالم ایئربیس پر نصب پیٹریاٹ دفاعی نظام کے ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔ ایران کا کہنا ہے کہ حملوں میں فضائی نگرانی کے ریڈار سسٹمز کو بھی ہدف بنایا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق کویت اور بحرین، جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں، رواں ماہ جنگ بندی اور واشنگٹن و تہران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے باوجود دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد ایران کی کارروائیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خلیجی ممالک میں شامل ہیں۔

کویت کا کہنا ہے کہ امریکی فضائی حملوں سے قبل ایران نے ایک بجلی اور پانی کے پلانٹ کے ساتھ ساتھ ایک آئل تنصیب کو بھی نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب امریکا نے ایران پر بمباری کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کارروائی حالیہ کشیدگی کے دوران امریکی فوجیوں کی پہلی ہلاکتوں کے جواب میں بطور سزا کی گئی۔

ایران کے ڈرون حملوں کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔