واشنگٹن( امریکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت کی کوشش کرینگے تاہم ایران سے متعلق کشیدہ صورتحال کے باعث اس وقت حالات موزوں نہیں۔
48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر رواں ہفتے بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن کے ساتھ دوسری شادی کریں گے۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کے بیٹے کی خواہش ہے کہ وہ شادی میں شریک ہوں، لیکن اس وقت ایران سے متعلق صورتحال اور دیگر معاملات ان کی اولین ترجیح ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقریب ایک نجی اور مختصر نوعیت کی ہوگی، تاہم موجودہ حالات میں شرکت کرنا آسان نہیں۔ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ شادی میں جاتے ہیں تو میڈیا تنقید کرے گا اور اگر نہیں جاتے تب بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے نومولود جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی ازدواجی زندگی خوشگوار رہے گی۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹو نائب صدر ہیں اور اپنے والد کے سیاسی ایجنڈے کے سرگرم حامی سمجھے جاتے ہیں۔گزشتہ برس انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ وہ مستقبل میں صدارتی انتخاب میں بھی حصہ لے سکتے ہیں، جبکہ ٹرمپ کی موجودہ صدارتی مدت جنوری 2029ء تک جاری رہے گی۔

