تل ابیب( ایرانی میڈیا، اسرائیلی میڈیا رپورٹس)اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ اسرائیل کی جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، آئندہ صورتِ حال کا انحصار اسرائیل کی عسکری اور دفاعی طاقت پر ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ جمعرات کو گش ایٹزیون میں ریزرو افسران کے کیڈٹس سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اس وقت ایران اور اس کے اتحادی گروہوں کا سامنا کر رہا ہے اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کی جانب سے منگل کو شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے مخالفین کو سخت ضرب لگائی ہے، تاہم یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پیش آنے والی صورتحال کا دارومدار اسرائیل کی قوت اور اس کی دفاعی صلاحیتوں پر ہوگا۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ تیس برسوں میں خطے اور عالمی سطح پر اسرائیل کا مقام اس کی فوجی اور دفاعی طاقت سے وابستہ ہوگا، اسی لیے ملک اپنی عسکری صلاحیتوں میں مزید اضافے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے امریکا کی جانب سے ملنے والی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود اسرائیل کو اسلحے کے شعبے میں مزید خود انحصاری حاصل کرنا ہوگی۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاعی نظام اور اسلحہ سازی کی صنعت کو مزید مضبوط بنانا ہوگا تاکہ بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسلحے کے میدان میں مکمل خود مختاری کے خواہاں ہیں اور اسرائیل کو ایک آزاد اور مضبوط دفاعی و اسلحہ جاتی نظام درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے ہتھیار خود تیار کر رہا ہے اور اس صلاحیت کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

