ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا والد کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

تہران( ایرانی میڈیا)ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ سپریم لیڈر کے قتل کا بدلہ پوری قوم کا مطالبہ ہے اور یہ بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہنما سمیت تمام شہداء کے خون کا حساب لیا جائے گا اور اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنے والد کی تدفین اور آخری رسومات کے اختتام پر جاری کیے گئے پیغام میں انہوں نے ایران اور عراق میں شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کے جنازوں میں لاکھوں افراد کی شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ تہران، قم، مشہد، نجف، کربلا سمیت ایران اور عراق کے مختلف شہروں اور دیہات میں عوام کی بھرپور شرکت قومی اتحاد، استقامت اور انقلابِ اسلامی سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے والد کے مشن اور راستے کو پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھیں گے اور ایران مشکلات اور دباؤ کے باوجود اپنے اصولوں اور اہداف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ قاتلوں کی شناخت ہو چکی ہے اور انہیں یہ امید نہیں رکھنی چاہیے کہ وہ انصاف سے بچ سکیں گے۔ ان کے بقول، انتقام کا عمل کسی ایک فرد یا عہدے سے وابستہ نہیں بلکہ ہر صورت جاری رہے گا۔