انقرہ (رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والا مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) ختم ہو چکا ہے، جنگ بندی بھی برقرار نہیں رہی اور وہ تہران کے ساتھ مزید مذاکرات نہیں کرنا چاہتے۔
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو سربراہ اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے ساتھ معاہدہ اب ختم ہو چکا ہے اور وہ ایرانی قیادت کے ساتھ اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتا۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو اسپین کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات ختم کرنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ ان کے بقول وہ اسپین کے ساتھ کاروبار نہیں کرنا چاہتے۔
ٹرمپ نے نیٹو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور گرین لینڈ کے معاملات پر وہ اتحاد کے مؤقف سے مطمئن نہیں، جبکہ امریکا کو نیٹو میں غیر منصفانہ مالی بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز ایران پر نئی فضائی کارروائیاں کیں اور تہران کو تیل فروخت کرنے کی اجازت دینے والا لائسنس بھی منسوخ کر دیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

