بارکھان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک، میجر سمیت 5 جوان شہید

راولپنڈی(آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے نوشم میں کلئیرنس آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک فیلڈ آفیسر سمیت 5 جوان شہید ہو گئے۔شہداء میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین اور سپاہی ذاکر حسین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔