دبئی (وال اسٹریٹ جرنل، رائٹرز، اے ایف پی) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین اور کویت نے رواں ماہ خفیہ طور پر اپنے جنگی طیاروں کے ذریعے ایران کے اندر فوجی اہداف پر حملے کیے، جو تہران کے خلاف ان ممالک کی پہلی براہِ راست جوابی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حملوں میں ڈرون اور میزائلوں کے ذخیرہ گاہوں سمیت متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
اخبار نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، جس نے جنگ کے ابتدائی مرحلے میں ایران پر متعدد حملے کیے تھے، نے ان کارروائیوں کے لیے اہداف سے متعلق انٹیلی جنس معلومات اور فضائی دفاعی معاونت فراہم کی، جو ایران کے خلاف عرب ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی علامت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت اس طویل جنگ کے دوران عرب ممالک کو درپیش مشکل صورتحال کی عکاسی کرتی ہے، جس کے مزید پھیلنے سے خطے کے دیگر ممالک بھی براہِ راست متاثر ہو سکتے ہیں۔

