بحری ناکہ بندی کی کسی بھی کوشش کا طاقت سے جواب دیاجائیگا:سعودی اتحادکاحوثیوں کو انتباہ

ریاض (سعودی وزارتِ دفاع، سعودی وزارتِ خارجہ، سعودی پریس ایجنسی) سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ کی جانب سے بحری ناکہ بندی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بحری جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ باب المندب اور دیگر اہم بحری گزرگاہوں میں تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات جاری ہیں اور بین الاقوامی جہاز رانی کے محفوظ تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یمن کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کی بندش سے متعلق حوثیوں کے دعوے گمراہ کن ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ادھر سعودی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک بیان میں حوثی تنظیم کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت یمن کی قانونی حکومت اور یمنی عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حوثی تنظیم انصار اللہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ یمن کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور صنعا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب قطر نے بھی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔