برامپٹن:عالمی سطح پر کینیڈا پر اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے:سونیا سدھو

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)کینیڈین رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا ہے کہ دنیا کینیڈا کا انتخاب کر رہی ہے اور عالمی سطح پر کینیڈا پر اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔اپنے بیان میں سونیا سدھو نے کہا کہ تیزی سے بدلتی عالمی صورتحال کے تناظر میں کینیڈا کی حکومت معیشت کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے پر توجہ دے رہی ہے جبکہ آئندہ 5 برسوں میں ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ہدف پر کام جاری ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران کینیڈا نے 20 نئے اقتصادی اور دفاعی شراکت داری معاہدے کیے جبکہ تقریباً 100 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے وعدے حاصل کیے گئے ہیں۔سونیا سدھو کے مطابق حالیہ دنوں میں دو بڑے عالمی فیصلوں نے کینیڈا پر اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے جن میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے تجارتی طیارہ معاہدے اور ایک نئے بین الاقوامی دفاعی بینک کے ہیڈکوارٹر کا کینیڈا میں قیام شامل ہے۔

بیان کے مطابق ایئر ایشیا نے ایئربس کے ساتھ 150 ایئربس اے 220-300 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے جو کینیڈا میں تیار کردہ طیاروں کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر قرار دیا جا رہا ہے۔سونیا سدھو نے کہا کہ ان طیاروں کی تیاری سے ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا جبکہ ویلڈرز، ٹیکنیشنز اور چھوٹے کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفاع، سکیورٹی اور ریزیلینس بینک کے عالمی ہیڈکوارٹر کے کینیڈا میں قیام سے بھی ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔سونیا سدھو کے مطابق برامپٹن جیسے تیزی سے ترقی کرتے اور متنوع آبادی والے شہر ان قومی سرمایہ کاری منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، خصوصاً جدت، لاجسٹکس اور جدید صنعتی شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔