برامپٹن(نمائندہ خصوصی) کینیڈین وزیر دفاع ڈیوڈجے میک گوئنٹی نے رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو اور دیگر کے ہمراہ برامپٹن میں”روشیلز” کی جدید مینوفیکچرنگ فیکٹری کا دورہ کیا جہاں ملک کی بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں اور صنعتی ترقی کو اجاگر کیا گیا۔
دورے کے دوران وزیر دفاع اور وفد نے پروڈکشن لائنز کا معائنہ کیا اور انجینئرز و تکنیکی ماہرین سے ملاقات کی، اس موقع پر بتایا گیا کہ برامپٹن میں تیار ہونے والی بکتر بند گاڑیاں عالمی سطح پر اتحادی ممالک کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

سونیا سدھو کا کہنا تھا کہ برامپٹن کینیڈا کے دفاعی شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ “روشیلز” کی جدید ٹیکنالوجی نہ صرف عالمی ذمہ داریوں کی تکمیل میں مددگار ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار، معاشی ترقی اور تکنیکی مہارت کو بھی فروغ دے رہی ہے۔
وزیر دفاع ڈیوڈ جےمیک گوئنٹی نے کہا کہ “روشیلز” جیسی کمپنیاں کینیڈین صنعت کی صلاحیت اور جدت کا ثبوت ہیں اور ان کا کام ملک کو اپنے اتحادیوں کی مدد اور مضبوط معیشت کے قیام میں معاون بناتا ہے۔
اس موقع پر برامپٹن کو جدید صنعت، جدت اور ہنر مند افرادی قوت کے مرکز کے طور پر ابھرتا ہوا شہر قرار دیا گیا، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی سرمایہ کاری اور مقامی شراکت داری کے ذریعے یہ شہر مستقبل میں بھی قومی معیشت اور سیکیورٹی میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔

