برامپٹن: نفرت انگیز جرائم کیخلاف بل سی-9 منظور،رمیش سنگھا کا خیرمقدم

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) کینیڈا میں نفرت انگیز جرائم کیخلاف بل سی-9 کی منظوری پر سابق رکن پارلیمنٹ رمیش سنگھا نے اسے خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈین شہریوں کو نفرت اور انتہا پسندانہ تشدد سے محفوظ رکھنا قومی ذمہ داری ہے، نہ کہ کسی ایک سیاسی جماعت کا معاملہ۔

رمیش سنگھا، جو برامپٹن سے سابق رکن پارلیمنٹ، پیشے کے اعتبار سے وکیل اور کینیڈا پنشن پلان ریویو ٹربیونل کے چیئرمین ہیں، نے اپنے بیان میں وزیراعظم مارک کارنی اور وفاقی حکومت کو بل سی-9 کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر کینیڈین کو اپنے گھر، عبادت گاہ، تعلیمی ادارے، جائے کار اور اپنی برادری میں خود کو محفوظ محسوس کرنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا کینیڈا تعمیر کرتے رہنا چاہیے جہاں تنوع کا احترام کیا جائے، بنیادی آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور نفرت کی کوئی گنجائش نہ ہو۔ متحد ہو کر ہی ہم زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔ خدا کینیڈا پر اپنا فضل کرے۔

واضح رہے کہ بل سی-9 کے ذریعے نفرت انگیز جرائم سے متعلق قوانین کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ مذہبی، نسلی اور دیگر اقلیتی برادریوں کو بہتر قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔