برامپٹن (اشرف خان لودھی سے)برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے آج صبح برامپٹن سٹی ہال میں میئر کے طور پر تیسری مدت کیلئےاپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے اور “برامپٹن کے مستقبل کی تعمیر جاری رکھیں” کے عنوان سے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
پیٹرک براؤن نے کہا کہ برامپٹن اس وقت غیر معمولی ترقی کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور آئندہ مرحلہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ شہر کے عوام کو صحت، ٹرانزٹ، تفریح، عوامی تحفظ اور کمیونٹی انفراسٹرکچر میں جاری تاریخی سرمایہ کاری کے مکمل ثمرات حاصل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ “ایک طویل عرصے تک برامپٹن کو اس کا جائز حصہ نہیں ملا، لیکن آج ہم شہر کی تاریخ میں سب سے بڑی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری دیکھ رہے ہیں۔ اب ہمارے پاس رفتار موجود ہے، آئیے اسے برقرار رکھیں اور صحت، ٹرانزٹ، تفریح اور عوامی تحفظ سمیت ہر شعبے میں اپنے خاندانوں کیلئےبہتر برامپٹن کی تعمیر جاری رکھیں۔”
پیٹرک براؤن نے کہا کہ کوئنز پارک اور پارلیمنٹ ہل پر برسوں کی مسلسل کوششوں کے بعد برامپٹن کو اب وہ سرمایہ کاری مل رہی ہے جس کی ضرورت کینیڈا کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے بڑے شہر اور ملک کے ساتویں بڑے شہر کے طور پر اس کی ضروریات پوری کرنے کیلئےتھی۔
انہوں نے کہا کہ “یہ منصوبے برسوں کی محنت اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ یہ صرف عمارتیں یا انفراسٹرکچر نہیں بلکہ ہمارے خاندانوں، ہماری کمیونٹیز اور ہمارے مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں۔ ہم نے زبردست رفتار پیدا کی ہے اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ اس تعمیراتی سفر کو جاری رکھیں۔”
“برامپٹن میں جاری تاریخی ترقیاتی منصوبے”
“ٹورنٹو میٹروپولیٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن: 225 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری | مکمل”
برامپٹن اب گریٹر ٹورنٹو ایریا میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد قائم ہونے والے پہلے نئے میڈیکل اسکول کا میزبان ہے۔ ٹورنٹو میٹروپولیٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن نے 2025ء میں مستقبل کے معالجین کی پہلی کلاس کا آغاز کیا، جس سے برمپٹن صحت کی تعلیم، تحقیق اور جدت کا اہم مرکز بن گیا۔
225 ملین ڈالر کے اس منصوبے میں حکومتِ اونٹاریو کی تقریباً 180 ملین ڈالر، وفاقی حکومت کی 25 ملین ڈالر اور سٹی آف برمپٹن کی جانب سے 20 ملین ڈالر کی تزئین و آرائش کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
“پولیسنگ اور عوامی تحفظ میں 1.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری جاری”
پیل ریجنل پولیس فرنٹ لائن پولیسنگ، خصوصی خدمات اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متعدد بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔سر رابرٹ پیل سینٹر ری ڈیولپمنٹ اور 22 ڈویژن کی جدید کاری کے ذریعے تقریباً 1100 اہلکاروں کیلئےسہولتیں بہتر بنائی جا رہی ہیں۔
23 ڈویژن تقریباً 40 برس بعد پیل ریجنل پولیس کی پہلی نئی ڈویژنل عمارت ہوگی، جو شمال مغربی برمپٹن میں قائم کی جا رہی ہے اور تقریباً 500 اہلکاروں کی خدمات کیلئےاستعمال ہوگی۔
8100 مسی ساگا روڈ پر آپریشنل سپورٹ فیسلٹی (OSF) پانچ منزلہ، 250000 مربع فٹ پر مشتمل عمارت ہوگی، جس میں 9-1-1 کمیونیکیشن سینٹر، کمیونٹی سیفٹی آپریشنز سینٹر، ڈیٹا اینالیٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز، ریکارڈز سروسز، روڈ سیفٹی سروسز اور کمیونٹی سیفٹی اینڈ ویلبیئنگ کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔
“ریور واک: 138 ملین ڈالر، زیرِ تعمیر”
138 ملین ڈالر کا ریور واک ڈاؤن ٹاؤن برمپٹن فلڈ پروٹیکشن منصوبہ ایٹوبیکوک کریک کے اطراف سیلاب سے تحفظ کے بڑے منصوبے پر مشتمل ہے۔اس منصوبے سے سیلاب کے خطرات کم ہوں گے، معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نئی عوامی جگہیں قائم ہوں گی اور تقریباً 17,700 نئے رہائشیوں اور تقریباً 24000 ملازمتوں کی گنجائش پیدا ہوگی۔
“برمپٹن کا دوسرا اسپتال: تخمینہ 2.1 ارب ڈالر، تعمیر کا آغاز رواں خزاں میں”
سابق پیل میموریل اسپتال کے مقام پر 2.1 ارب ڈالر کی لاگت سے بننے والے منصوبے میں نیا اِن پیشنٹ ٹاور، 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، توسیع شدہ آؤٹ پیشنٹ خدمات اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق مزید گنجائش شامل ہوگی۔
“ایمبلٹن کمیونٹی سینٹر: 148 ملین ڈالر ، تعمیر کا آغاز اگست میں”
148 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ایمبلٹن کمیونٹی سینٹر برامپٹن کی تاریخ کا سب سے بڑا تفریحی منصوبہ ہوگا۔اپریل 2026ء میں اعلان کردہ وفاقی حکومت کی 64 ملین ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری سے معاونت حاصل کرنے والے اس 175000 مربع فٹ کے منصوبے میں سوئمنگ، فٹنس، ویلبیئنگ، چائلڈ کیئر، کمیونٹی اجتماعات اور بیرونی تفریحی سہولتیں شامل ہوں گی۔
“ہاؤڈن ریکری ایشن سینٹر: 80.4 ملین ڈالر،جلد تعمیر کا آغاز”
80.4 ملین ڈالر کے اس منصوبے میں فیبا معیار کا جمنازیم، برمپٹن لائبریری کی نئی شاخ، کثیر المقاصد ہال، آؤٹ ڈور کورٹس، کھیل کے میدان اور کمیونٹی پروگراموں کیلئے مخصوص مقامات شامل ہوں گے۔
“ہیزل میک کیلیئن ایل آر ٹی توسیع اور ٹنل: تخمینہ 2.8 ارب ڈالر ،پیش رفت جاری”
2.8 ارب ڈالر کے اس منصوبے کے تحت ایل آر ٹی کو ڈاؤن ٹاؤن برمپٹن تک ٹنل کے ذریعے توسیع دی جائے گی تاکہ شہر کو علاقائی ریپڈ ٹرانزٹ نیٹ ورک سے منسلک کیا جا سکے، ٹریفک میں کمی آئے اور تاریخی ڈاؤن ٹاؤن کا تحفظ ممکن ہو۔
“تیسری ٹرانزٹ فیسلٹی: تخمینہ 298 ملین ڈالر ، زیرِ تعمیر”
کیڈیٹا جانسٹن ٹرانزٹ فیسلٹی پر تعمیراتی کام جاری ہے، جو برمپٹن ٹرانزٹ کا تیسرا آپریشنل مرکز ہوگا اور مستقبل میں زیرو ایمیشن بسوں کی توسیع میں معاون ثابت ہوگا۔
“برامپٹن۔اورنج ویل ریل ٹریل: تخمینہ 16 ملین ڈالر ،پیش رفت جاری”
شہر برمپٹن کے 14 کلومیٹر حصے کی تعمیر جاری ہے، جو بعد ازاں 58 کلومیٹر طویل علاقائی ریل ٹریل سے منسلک ہو کر فعال ٹرانسپورٹ اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے اہم راہداری بن جائے گا۔
“جامع کینسر کیئر سینٹر : تخمینہ 915 ملین ڈالر ، منصوبہ بندی جاری”
برامپٹن سوک اسپتال میں 915 ملین ڈالر کی لاگت سے جامع کینسر کیئر سینٹر کی منصوبہ بندی جاری ہے، جہاں ریڈی ایشن ٹریٹمنٹ اور کینسر کے خصوصی علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
“برامپٹن کے مستقبل کی تعمیر جاری رکھنے کا عزم”
پیٹرک براؤن نے کہا کہ یہ تمام منصوبے برامپٹن کیلئےتاریخی موقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ “جب میں میئر بنا تو برمپٹن کو اکثر نظر انداز کیا جاتا تھا۔ شہریوں کو اسپتالوں، ٹرانزٹ، تفریحی مراکز اور بنیادی ڈھانچے کیلئے انتظار کرنے کو کہا جاتا تھا، مگر آج یہ تمام سرمایہ کاریاں حقیقت بنتی جا رہی ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر، عوامی تحفظ اور کمیونٹی سہولتوں میں تاریخی سرمایہ کاری ممکن بنائی گئی۔
پیٹرک براؤن نے کہا کہ “یہ سرمایہ کاریاں اتفاقاً نہیں ہوئیں بلکہ اسلئےممکن ہوئیں کہ برامپٹن نے اپنے جائز حق کیلئےمضبوط آواز اٹھائی۔ ہم نے ترقی کی رفتار پیدا کی ہے اور اسے کھونا نہیں چاہیے۔”
انہوں نے کہا کہ “یہ انتخاب ہمارے شہر کے مستقبل کا انتخاب ہے۔ یہ تعمیر، ترقی اور برامپٹن کی مکمل صلاحیت کو حقیقت بنانے کا انتخاب ہے۔ ہم سب مل کر برامپٹن کے مستقبل کی تعمیر جاری رکھیں گے۔”

