بریمپٹن:کمیونٹی سیفٹی اور ہیلتھ کیئر پر دو ٹیلیفون ٹاؤن ہالز سیشنز کاانعقاد

بریمپٹن(نمائندہ خصوصی)بریمپٹن میں شہریوں کو اہم امور پر آگاہ کرنے اور ان کی رائے لینے کیلئے دو ٹیلیفون ٹاؤن ہال سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جن میں میئر پیٹرک براؤن، سٹی کونسل اراکین اور کمیونٹی شراکت دار شریک ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق ان سیشنز کے دوران شہریوں کو اہم مسائل پر تازہ معلومات دی جائیں گی، سوالات کرنے اور اپنی رائے دینے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ان پروگرامز کے ذریعے تقریباً 1 لاکھ 54 ہزار افراد سے رابطہ کیا جا چکا ہے۔

کمیونٹی سیفٹی سے متعلق ٹیلیفون ٹاؤن ہال 14 اپریل کو شام 7 بجے منعقد ہوگا، جس میں پیل ریجنل پولیس کے سربراہ نشان دورائی اپاہ اور ڈپٹی چیفس بھی شریک ہوں گے۔ اس سیشن میں شہر کی سیکیورٹی صورتحال، ترجیحات اور اقدامات پر بات کی جائے گی۔

ہیلتھ کیئر سے متعلق دوسرا ٹیلیفون ٹاؤن ہال 30 اپریل کو شام 7 بجے ہوگا، جس میں ڈاکٹر محمد لاچیمی اور ڈاکٹر فرینک مارٹینو شریک ہو کر صحت کے نظام، سہولیات میں توسیع اور شہریوں کی فلاح کے اقدامات پر بریفنگ دیں گے۔

حکام کے مطابق شہری بریمپٹن کی ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کرا کے ان سیشنز میں ٹیلیفون کال کے ذریعے شامل ہو سکتے ہیں، جبکہ آن لائن شرکت کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ٹیلیفون ٹاؤن ہال کے دوران شہری لائیو سوالات اور پولنگ میں حصہ لے سکیں گے، جبکہ پیشگی سوالات بھی جمع کرائے جا سکتے ہیں تاکہ انہیں براہِ راست جواب دیا جا سکے۔