بھارت: سابق جج ساس گرفتار، پراسرار موت کا مقدمہ نیا رخ اختیار کر گیا

بھوپال ( بھارتی میڈیا، سی بی آئی)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں سابق مس پونے توئشا شرما کی پراسرار موت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے مقتولہ کی ساس اور سابق جج گربیلہ سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی بی آئی نے گرفتاری سے قبل گربیلہ سنگھ سے تقریباً 20 اہم نکات پر تفصیلی پوچھ گچھ کی۔ تحقیقات میں جہیز کے مطالبات، مبینہ ہراسانی، شواہد میں ردوبدل، حمل ختم کروانے کے لیے دباؤ اور گھریلو تشدد جیسے الزامات کا جائزہ لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق تین روز تک جاری رہنے والی تفتیش کے دوران ڈیجیٹل ریکارڈ، واٹس ایپ پیغامات، فرانزک شواہد اور جائے وقوعہ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ بعد ازاں گربیلہ سنگھ کو بھوپال سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کا بیٹا اور مقتولہ کا شوہر سمارتھ سنگھ پہلے ہی عدالتی تحویل میں ہے۔

گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے گربیلہ سنگھ کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے سیشن عدالت کی جانب سے دی گئی ریلیف کالعدم قرار دے دی۔

تحقیقات کے دوران سی بی آئی نے مقتولہ کے جسم پر موجود زخموں، ذہنی دباؤ، مبینہ تشدد اور ڈیجیٹل شواہد کو حذف یا تبدیل کرنے کی کوششوں سے متعلق بھی سوالات کیے۔ حکام نے بازو، انگلی اور سر پر پائے جانے والے چھ زخموں کے نشانات کی تفصیلات بھی طلب کیں، جن کے بارے میں اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ یہ زخم موت سے پہلے لگے تھے۔

ابتدائی طور پر اس واقعے کو خودکشی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم بعد میں گھریلو تشدد، جہیز ہراسانی اور ذہنی اذیت کے الزامات سامنے آنے کے بعد کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق توئشا شرما نے اپنی وفات سے چند روز قبل والدہ کو بھیجے گئے پیغامات میں شدید ذہنی دباؤ اور ازدواجی زندگی میں مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے گھر واپس لے جانے کی درخواست کی تھی۔اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ شادی کے بعد توئشا کو مسلسل ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا رہا اور ان پر بے بنیاد الزامات بھی لگائے گئے۔

توئشا شرما ایم بی اے گریجویٹ تھیں اور مارکیٹنگ و ابلاغ کے شعبے سے وابستہ رہنے کے ساتھ فلمی دنیا میں بھی کام کر چکی تھیں۔ وہ سابق “مس پونے” تھیں اور یوگا ٹرینر کے طور پر بھی جانی جاتی تھیں۔یہ مقدمہ اس وقت بھارتی سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، جبکہ سی بی آئی کی تحقیقات جاری ہیں۔