ممبئی (انڈیا ٹوڈے، این ڈی ٹی وی) بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں نیٹ (NEET) امتحان کی تیاری کرنے والی طالبہ انکیتا سانگلے نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
اہل خانہ کے مطابق انکیتا امتحان میں 166 نمبر حاصل کرنے کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور صدمے کا شکار تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کی شام وہ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی، جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے مراٹھی زبان میں لکھا گیا ایک مبینہ خودکشی نوٹ بھی ملا۔
پولیس کے مطابق طالبہ نے اپنے نوٹ میں والدین اور بھائی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی موت کا ذمہ دار کسی کو قرار نہیں دیا اور اہل خانہ سے معذرت کی کہ وہ ان کی توقعات پوری نہ کر سکی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

