نئی دہلی (رائٹرز، اے ایف پی، پی ٹی آئی، دی ہندو) بھارت میں نوجوانوں کی تحریک کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کا نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج بدستور جاری ہے۔مظاہرین امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے معاملے پر وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پارٹی کے بانی صدر ابھیجیت دیپکے نے سونم وانگ چک کے بھوک ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سونم وانگ چک کی زندگی ملک کے لیے انتہائی قیمتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رہے گا اور سونم وانگ چک کی بھوک ہڑتال اور طلبہ پر مبینہ پولیس تشدد کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔
سی جے پی کے ترجمان کے مطابق آج دوپہر ساڑھے 12 بجے حکومتی وزراء کے ساتھ مذاکرات ہونگے، جن کیلئے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کو مقام مقرر کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کھلے ذہن کے ساتھ بات چیت کی امید ہے۔

